عراق کے عام انتخابات کی آمد آمد پر نجف اشرف میں امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے حرم شریف کے قریب تین بم دھماکوں مین دسیوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے.
اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آج مغرب سے قبل نجف اشرف کے "شارع بنات الحسن" پر ایک مقامی بازار کے سامنے ـ اور حسینیۃ العسلیۃ ـ کے قریب تھوڑے ہی فاصلے پر دو بم دھماکے ہوئے.
اطلاعات کے مطابق تیسرا دھماکہ نجف اشرف کی مرکزی سڑک "شارع ہاتف" پر ہوا جس کے نتیجے میں پولیس کی دو گاڑیوں سمیت کئی دیگر کاریں تباہ ہوگئیں.
دریں اثناء صحافتی ذرائع نے کہا کہ شہر کے مرکز اور بنات الحسن کے علاقوں میں دو خودکش دہشت گردوں نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا ہے.
نجف اشرف کے ایک روزنامہ نویس «حسين الحيدري» نے الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ دو دھماکوں کی آوازیں یکے بعد دیگرے سنائی گئیں مگر ان دھماکوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے اور یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ خودکش دھماکے تھے یا پھر بم دھماکے تھے.
انھوں نے کہا کہ امدادی گاڑیاں شہداء اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کررہی ہیں.
19:30
ایرانی ٹیلی ویژن نے بتایا کہ نجف اشرف کے دھماکوں میں 12 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں.
19:45
پریس ٹی وی کی ویب سائٹ نے اعلان کیا کہ نجف اشرف میں ہونے والے دھماکوں میں 15 افراد شہید اور 80 افراد زخمی ہوئے ہیں.